رونالڈو نے اپنے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ کیا

تاثیر 10 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 09 جون:سعودی پرو لیگ کلب النصر کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ وہ اگلے سیزن میں بھی اسی کلب کے ساتھ کھیلیں گے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی ان کے مستقبل سے متعلق تمام قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔40 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں بین الاقوامی فٹ بال میں اپنا تیسرا ٹائٹل جیتا جب پرتگال نے اسپین کو شکست دے کر یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ رونالڈو نے فائنل میچ کے دوسرے ہاف میں اپنا 138 واں بین الاقوامی گول کیا جس کی وجہ سے میچ 2-2 سے برابر رہا اور پھر پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگال نے فتح حاصل کی۔ اگرچہ شوٹ آؤٹ کے دوران رونالڈو میدان میں نہیں تھے لیکن انہوں نے بینچ سے اپنی ٹیم کی جیت کا جشن دیکھا اور جذباتی ہو گئے۔جیت کے بعد، رونالڈو نے پیر (ہندوستانی وقت) کو کہا، “میرا مستقبل؟ کچھ زیادہ نہیں بدلنے والا ہے۔” جب ان سے براہ راست پوچھا گیا کہ کیا وہ النصر میں قیام کریں گے تو اس نے جواب دیا ’ہاں‘۔نیشنز لیگ کا ٹائٹل اب یورو 2016 اور 2019 نیشنز لیگ کی فتوحات کے ساتھ رونالڈو کی کامیابیوں میں اضافہ کرتا ہے۔ اس جذباتی فتح کے بعد رونالڈو روتے ہوئے نظر آئے۔اگرچہ ان کا نام 14 جون سے امریکہمیں شروع ہونے والے 32 ٹیموں کے فیفا کلب ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی کئی ٹیموں کے ساتھ جوڑا گیا، تاہم انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔رونالڈو نے انکشاف کیا کہ انہیں امریکہ کے کئی کلبوں سے پیشکشیں موصول ہوئی ہیں۔ النصر کے کھیلوں کے ڈائریکٹر فرنینڈو ہیرو نے حال ہی میں کہا تھا کہ کلب رونالڈو کے ساتھ معاہدے میں توسیع کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے، حالانکہ دیگر ٹیمیں بھی انہیں سائن کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔