تاثیر 28 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع روہتاس تھانہ علاقہ کے نیمیا ٹکاری کے قریب محرم چاند کے جلوس کے دوران مورخہ 27 جون 2025 کی شام ہائی ٹینشن تار کے رابطے میں آنے سے کئی نوجوان کرنٹ کی زد میں آ گئے جسمیں ایک نوجوان اسمعیل خان ولد محفوظ عالم کی موت ہوگئی جبکہ کچھ نوجوانوں کو سہسرام صدر اسپتال ریفر کیا گیا، دارا نگر کے اعظم خان، حسن رضا، تعمیر خان بھی خصوصی طور پر کرنٹ کی زد میں آئے ہیں ۔ جب جلوس مذکورہ جگہ سے گزر رہا تھا تو بجلی کے کھمبھے سے گزرنے والی ہائی وؤلٹیج تار جلوس کے جھنڈوں کو چھو گئی جس سے کرنٹ پھیل گیا اور کئی لوگ کرنٹ کی زد میں آ گئے ۔ واقعہ کے بعد مشتعل لوگوں نے ڈہری روہتاس مین روڈ کو جام بھی کیا اور سڑک پر ہنگامہ بھی کھڑا کر دیا، سماجی کارکن اور مقامی رہنما تراب نیازی نے کہا کہ یہ بجلی محکمہ کی سب سے بڑی لاپرواہی ہے، محکمہ بجلی کے لوگوں کو جلوس کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی، اس کے بعد بھی جلوس کے دوران بجلی کی سپلائی جاری تھی جو کہ سراسر غفلت ہے، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے محکمہ بجلی کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پولس کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی تھی مگر آج مورخہ 28 جون کو بھی احتجاج کیا گیا ۔ اس ضمن میں ایس پی روشن کمار نے بتایا کہ روہتاس تھانہ علاقہ میں محرم چاند جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی ہے اور دو افراد زیر علاج ہیں جو خطرے سے باہر ہیں ۔ مذکورہ حادثہ کو لیکر لوگ مقامی انتظامیہ اور محکمہ بجلی سے سخت ناراض ہیں ۔ سماجی کارکن دشمیش سنگھ برنالا نے صدر اسپتال سہسرام میں زخمیوں سے ملاقات کے بعد کہا کہ روہتاس اکبر پور میں پیش آنے والے مذکورہ واقعہ سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے، میں نے نوجوان اسمعیل خان کی لاش بھی دیکھی اور اظہار تعزیت کرتا ہوں، مجھے بتایا گیا کہ جلوس میں دو سو سے زیادہ لوگ تھے، یہ غنیمت ہوا کہ سماجی کارکن تراب نیازی نے بروقت بجلی کی لائن کٹوائی ورنہ اور بھی بڑا خوفناک منظر ہوتا اور کہا کہ واہ گرو سبھی کو جلد از جلد صحت یاب کرے اور فوت زدہ خانوادہ کو اسمعیل خان کے فوت کا غم سہنے کی ہمت دے ۔