تاثیر 16 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 16 جون: عازمین حج کو لے کر جانے والا طیارہ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے (اموسی) پر حادثے سے بال بال بچ گیا۔ جدہ سے آنے والے طیارے کی لینڈنگ کے دوران اس کے پہیے سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ ہوائی اڈے پر تعینات فائر بریگیڈ ٹیم نے دھواں چنگاری میں تبدیل ہونے اور آگ پھیلنے سے پہلے ہی اسے روک دیا۔ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا۔ اس کی ایک ویڈیو بھی پیر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جو کہ موضوع بحث بن گئی۔
بتایا گیا کہ سعودی عرب ایئر لائن کا طیارہ (ایس وی 3112) عازمین حج کو لے کر جدہ سے واپس آیا تھا۔ اس طیارے میں کل 242 مسافر سوار تھے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے حکام کے مطابق اتوار کی صبح اموسی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد رن وے پر جاتے ہوئے سعودی عرب ایئرلائن کے طیارے کے بائیں پہیے سے چنگاریاں اور گاڑھا دھواں نکلنا شروع ہوگیا۔ سب کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔