ویجیلنس انویسٹیگیشن بیورو نے روہتاس ضلع دعوت بلاک کے ریونیو ملازم کو کیا گرفتار

تاثیر 26 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

             سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر کے دفتر میں تعینات خاتون سپروائزر کے بعد اب ویجیلنس انویسٹیگیشن بیورو کی ٹیم نے ایک ریونیو ملازم کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے ۔ ویجیلنس ٹیم کے مطابق ملزم پر 18 ہزار روپئے رشوت طلب کرنے کا الزام تھا ۔ ویجیلنس انویسٹیگیشن بیورو کی ٹیم بدعنوانی کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے اور پورے بہار میں بدعنوان افسران اور ملازمین کو گرفتار کیا جا رہا ہے تاکہ بدعنوانی پر قابو پایا جا سکے ۔ دریں اثنا ویجیلنس انویسٹیگیشن بیورو کی ٹیم نے ریونیو ملازم کنہیا کمار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار ملزم روہتاس ضلع کے دعوت بلاک میں ریونیو ملازم ہے ۔ ویجیلنس انوسٹیگیشن بیورو کی ٹیم کے مطابق بتایا گیا کہ شکایت کنندہ پنٹو کمار اپنی زمین کے داخل خارج کیلئے مسلسل دفتر کا چکر لگا رہے تھے، متاثرہ نے ویجیلنس انویسٹی گیشن بیورو پٹنہ کے دفتر میں یہ شکایت بھی درج کرائی کہ ملزم ریونیو ملازم کنہیا کمار نے زمین داخل خارج کے عوض 18 ہزار روپئے کی رشوت طلب کی ہے، بیورو نے شکایت کنندہ کی شکایت کی تصدیق کی جس دوران ملزم کی جانب سے رشوت طلب کرنے کے شواہد درست پائے گئے۔ الزام کے سچ ہونے کے بعد مقدمہ درج کرکے کارروائی اور گرفتاری کی گئی ۔