تاثیر 19 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غازی آباد، 19 جون:۔اتر پردیش کے غازی آباد میں مارپیٹ کی شکایت کرنے جا رہے ایک نوجوان کو بدھ-جمعرات کی درمیانی رات مراد نگر تھانے پہنچنے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مشتعل افراد نے تھانے کے سامنے ہنگامہ کیا۔ سابق ایم ایل اے امرپال شرما بھی موقع پر پہنچ گئے۔واقعہ کے مطابق بدھ کی رات 10 بجے روی شرما اور اجے مونٹی کے درمیان کار کو سڑک سے ہٹانے پر جھگڑا ہوا۔ اس کے بعد اجے مونٹی نے روی شرما کے گھر میں گھس کر ان کی پٹائی کی۔ جس کے بعد روی شرما اپنے بھائی کے ساتھ مراد نگر پولیس اسٹیشن جا رہا تھا کہ وہ مارپیٹ کی شکایت کرے۔ جب وہ تھانے کے سامنے پہنچا تو ملزم وہاں پہنچ گیا اور اس پر گولیاں برسادیں۔ جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوگیا۔ روی شرما چار گولیاں لگنے سے خون میں لت پت زمین پر گر گئے۔ فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ اسے فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ اس دوران متوفی کے اہل خانہ اور دیگر لوگ تھانے کے سامنے جمع ہوگئے اور ہنگامہ کیا۔ پولیس نے لوگوں کو پرسکون کیا۔