تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 21 جولائی: ضلع میں عدالتی نظام کو مزید موثر اور عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے ایک قابل تحسین اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ضلع جج و چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی بھاگلپور کی ہدایات پر یکم جولائی سے 30 ستمبر تک 90 دنوں کی خصوصی ثالثی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کو عام کرنے اور لوگوں کو بیدار کرنے کے مقصد سے پیر کے روزایک بیداری رتھ نکالی گئی۔ اس رتھ کو بھاگلپور سول کورٹ احاطے سے فیملی کورٹ کے چیف جسٹس راج کمار راج پوت اور مختلف عدالتوں کے ججوں نے مشترکہ طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔یہ رتھ ضلع کے مختلف علاقوں میں پہنچے گا اور لوگوں کو ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل کے عمل، اس کے فوائد اور جلد انصاف کے امکانات سے آگاہ کرے گا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد زیر التواء مقدمات کو کم کرنا اور عوام کو آسان، قابل رسائی اور پرامن انصاف فراہم کرنا ہے۔

