بہار کی سپنا کماری نے ورلڈ پولیس گیم میں جیتے تین تمغے

تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 03 جولائی:بہار کے بھوجپور ضلع کے آرہ کی رہنے والی اور بارڈر سیکورٹی فورس میںملازمت کرنے والی سپنا کماری نے 21ویں عالمی پولیس گیم میں تمغے جیت کر بین الاقوامی سطح پر ریاست اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ یہ مقابلہ27جون سے 6جولائی تک برمنگھم ، الاباما میں منعقد ہورہا ہے۔
سپنا کماری نے تیر اندازی کے تین زمروں میں تمغے حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ تیر اندازی میں گولڈ میڈل، تھری ڈی تیر اندازی میں گولڈ میڈل اور ٹارگٹ آرچری میں سلور میڈل جیتا ہے۔ تیر اندازی میں اس کارکردگی کو بھارت اور بہار کے کھیلوں کے شعبے کے لیے ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ سپنا کماری کو بارڈر سیکیورٹی فورس کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ پولیس گیم میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔