نامعلوم پک اپ وین کی ٹھوکر سے بجلی مستری کی موت

تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

 سنگھواڑہ دربھنگہ ( محمد مصطفی)سنگھواڑہ تھانہ علاقہ کے لال پور تیلیا پوکھر سڑک پر ناگیندر جھا کالج کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹھوکر سے شکر پور کے 35 سالہ معذور الیکٹریشن محمد فیاض کا جمعرات کے روز ڈی ایم سی ایچ میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ الیکٹریشن محمد فیاض کسی کام سے پاور ہاؤس سنگھواڑہ گیا تھا۔ دریں اثناء پاور ہاؤس میں کام ختم کرنے کے بعد وہ گھر واپس جا رہا تھا کہ لال پور کی طرف سے تیز رفتار سے آرہی بے لگام نامعلوم پک اپ وین نے اسے ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ ٹکر لگنے کے بعد الیکٹریشن محمد فیاض لہو لہان ہو کر مین روڈ پر بے ہوش ہو کر گر گیا موقع پر پہنچی سنگھواڑہ تھانہ کی پولیس نے  زخمی  کو علاج کے لیے سنگھواڑہ سی ایچ سی اسپتال میں داخل کرایا۔ حالت تشویشناک کو دیکھتے ہوئے اسے ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ فیاض کی موت کی خبر سن کر ان کی اہلیہ گڑیا پروین بار بار بے ہوش ہو رہی تھیں۔ متوفی کے پاس ایک چار سال کا بیٹا محمد احتشام ہے۔ متوفی اپنے خاندان کا واحد فرد تھا جو محنت مزدوری کر کے خاندان کا گزر بسر کر رہا تھا