تاثیر 19 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تھانے ، 19 جولائی:مئی سے جولائی کے عرصے میں تھانے میں قدرتی آفات کی لہر نے عوام کی زندگی کو متاثر کیا، تاہم ہر ناگہانی صورتحال میں تھانے میونسپل کارپوریشن کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل اور فائر بریگیڈ عوام کے ساتھ کھڑا رہا۔ ان دو ماہ میں سیل کو 1100 کے قریب شکایات موصول ہوئیں جن میں درختوں کا گرنا، آگ لگنا، گیس لیک، پانی بھراؤ، اور دیگر ہنگامی حالات شامل تھے۔
ان میں 300 سے زائد درخت گرنے، 200 سے زیادہ شاخوں کے ٹوٹنے، اور 75 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات شامل رہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، سلیبیں گریں، گیس لیک ہوئی، پرندے درختوں میں پھنس گئے، لیکن ہر بار فائر بریگیڈ نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کا تحفظ کیا۔
شہر میں جہاں ایک طرف سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں نے درختوں کی جڑیں کمزور کر دی ہیں، وہیں معمولی ہوا سے درخت گرنے لگے ہیں۔ فائر بریگیڈ کا عملہ، چاہے رات ہو یا دن، بارش ہو یا دھواں، ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔

