تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
(سی۔ایم کالج، دربھنگہ کے صدورِ شعبہ کی اہم میٹنگ)
دربھنگہ (فضا امام)15؍جولائی۔عصرِ حاضر میں طلبا وطالبات کو صرف نصابی کتابوں تک محدود نہیں رکھا جانا چاہئے بلکہ ان کی ذہنی نشو ونما کے لئے دیگر مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور رہنمائی کی اہمیت مسلّم ہے۔ اس لئے تمام صدورِ شعبہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے شعبے میں کچھ اس طرح کا نظام قائم کریں تاکہ طلبا اپنے اساتذہ سے تبادلہ خیال کے ذریعہ اپنے مسائل کا حل نکال سکیں اور رہنمائی حاصل کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر مشتاق احمد، پرنسپل کالج ہذا نے کیا۔ پروفیسر احمد کالج کے صدورِ شعبہ کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سی ۔ایم کالج، دربھنگہ کو نیک گریڈنگ میںB++ کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور نیک ٹیم نے جن کمیوں کی طرف اشارہ کیا ہے اس کو دور کرنے کے لئے ہم سبھوں کو مل کر کوشش کرنی ہوگی ۔پروفیسر احمد نے کہا کہ کالج میں دن بہ دن طلبا کی تعداد بڑھ رہی ہے اس لئے اب کالج میں دو شفٹوں میں کلاس چلائے جائیں گے۔صبح ساڑھے سات بجے سے شفٹ اول میں شعبہ کامرس اور دیگر سبجکٹ کے کلاس ہوں گے جب کہ دس بجے سے آرٹس کے بقیہ سبجکٹ کے کلاس دن کے تین بجے تک چلیں گے۔ان دونوں شفٹوں کے لئے ایک ماسٹر روٹین بنائی گئی ہے جس کا نفاذ آئندہ یکم اگست سے ہوگا۔کالج میں اکیڈمک ماحول کو سازگار بنانے کے لئے کالج اکیڈمک کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی ہے ۔ کمیٹی کے چیئر مین پرنسپل ہوں گے اور تمام صدر شعبہ اس کے ممبر ہوں گے۔آج کی میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ پوسٹ گریجویٹ(سیشن2024-26)کے سمسٹر۔IIکا انٹرنل امتحان 21تا28جولائی 2025منعقد کیا جائے گا ۔ تمام طلبا اپنے اپنے صدر شعبہ سے رابطہ قائم کر انٹر نل امتحان کی تفصیلی معلومات حاصل کرلیں گے۔پروفیسر احمد نے کہا کہ چوں کہ اب ہر ایک سمسٹر میں انٹرنل امتحان میں شامل ہونا لازمی ہے اس لئے کالج میں پڑھنے والے طلبا وطالبات انٹرنل امتحان میں ضرور شامل ہوں ورنہ وہ یونیورسٹی امتحان میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔آج کی میٹنگ میں ڈاکٹر ششانک شکلا، ڈاکٹر راگنی رنجن، ڈاکٹر سبرت کمار داس، ڈاکٹر ایکتا سریواستو، ڈاکٹر ابصار عالم، ڈاکٹر انوپم کمار سنگھ، ڈاکٹر للت شرما، ڈاکٹر مینک سریواستو، ڈاکٹر اکھلیش کمار راٹھور، ڈاکٹر خالد انجم، ڈاکٹر دویا جھا، ڈاکٹر اکھلیش کمار ویبھو اور ڈاکٹر سنجیت کمار جھا نے شرکت کی اور کالج میں درس وتدریس کے مسائل پر روشنی ڈالی۔

