امارت شرعیہ اوردیگر ملی تنظیموںکے اعلیٰ سطحی وفد کابہار الیکشن کمشنر سے ملاقات

تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ووٹر لسٹ نظرثانی مہم میں رعایت دینے کی اپیل، جمہوری حقوق کے تحفظ پر زور

پٹنہ، 5 جولائی 2025امارت شرعیہ، بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب مدظلہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج بہار کے الیکشن کمشنر جناب آر ایل چودھری سے خصوصی ملاقات کی۔ اس اہم وفد میں ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی قاسمی،صدرمفتی امارت شرعیہ مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی،شانتی سندیش کندر بہارکے جنرل سکریٹری مولانا عبدالماجد قاسمی، جمعیۃ علماء بہارسے جناب انوار الہدیٰ، پٹنہ ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ جناب راغب احسن،سابق وائس چیئرمین پھلواری نگر پریشدجناب تسلیم رضوی صاحب، آل انڈیا ملی کونسل بہار سے مولانامحمد جمال الدین قاسمی وغیرہ شامل تھے۔یہ ملاقات الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کے پس منظر میں کی گئی، جس میں مختلف نئے دستاویزی تقاضوں کی وجہ سے عوام، خاص طور پر غریب اور ناخواندہ طبقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔وفد نے الیکشن کمشنر کو پیش کیے گئے تحریری میمورنڈم میں اس بات پر زور دیا کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے یا برقرار رکھنے کے لیے جو اضافی کاغذات اور ثبوت طلب کیے جا رہے ہیں، وہ عام شہریوں کے لیے پورا کرنا نہایت مشکل ہے۔ وفد نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ان پیچیدہ تقاضوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے بنیادی جمہوری حق یعنی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم ہو سکتے ہیں، جو کہ آئین اور جمہوری اصولوں کے سراسر خلاف ہے۔وفد نے زور دیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر ان سخت شرائط میں نرمی کرے اور خاص طور پر ان افراد کے لیے خصوصی رعایت فراہم کی جائے، جن کے نام پہلے سے ووٹر لسٹ میں موجود ہیں، تاکہ ان کے نام برقرار رکھے جا سکیں۔ وفد نے 2003 کی ووٹر لسٹ کو بنیاد بنانے کے فیصلے کو غیر ضروری اور عوام کو الجھانے والا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کو آسان اور عوام دوست بنایا جائے۔الیکشن کمشنر جناب آر ایل چودھری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کاغذات کی کمی یا دیگر تکنیکی وجوہات کی بنا پر کسی بھی اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ سے خارج نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اصل مقصد ہر اہل فرد کے جمہوری حق کا تحفظ ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن احتیاط برتی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ نظام آن لائن بھی دستیاب ہے،اس سےفائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر امارت شرعیہ کے ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی نے ایک پُراثر اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے لگاتار مل کر یا تحریری شکل میں عوام کے لیے سہولیات فراہم کرنے کوششیں جاری رہیں گی،اسی کے ساتھ ملت کے تمام افرادسے گزارش ہے کہ ووٹر لسٹ کی اصلاح و تصدیق کے عمل میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے ائمہ مساجد، علما کرام، سماجی رہنماؤں اور ملت کے دیگر ذمہ داران سے درخواست کی کہ وہ جمعہ کے خطبات، اجتماعات اور دیگر مواقع پر اس اہم موضوع پر عوام کو آگاہ کریں، فارم بھرنے کے عمل میں ان کی رہنمائی کریں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل فرد ووٹر لسٹ سے باہر نہ رہ جائے۔مولانا محمدشبلی قاسمی نے خاص طور پر ان نوجوانوں پر زور دیا جو 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ہو چکے ہیں، کہ وہ جلد از جلد اپنا نام درج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کی بھی خصوصی مدد کی جائے، جن کے پاس پیدائش یا رہائش کے ثبوت نہیں ہیں، تاکہ متبادل دستاویزات کے ذریعے ان کا اندراج ممکن بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ ریاست بہار میں رواں سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، جس کی وجہ سے ووٹر لسٹ کی بروقت اور صحیح اصلاح نہایت ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس عمل کو 26 جولائی 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ امارت شرعیہ نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عمل کو دینی و قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں اور اپنے ووٹ کے حق کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔عوام کی سہولت کے لیے امارت شرعیہ نے وضاحت کی ہے کہ ووٹر لسٹ سے متعلق رہنمائی حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:9608450524، 9162586814، 9471905151۔اس کے علاوہ، قریبی ضلعی دفاترسے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔