تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام)آج بتاریخ 5 جولائی 2025 کو جناب آنند کمار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضلع اقلیتی فلاح، دربھنگہ بشمول انچارج افسر ضلع اردو زبان سیل، دربھنگہ کلکٹریٹ کی صدارت میں ضلع کے ماتحت مختلف سب ڈویزن، بلاک اور سرکل دفاتر میں مامور اردو عملہ کی ماہانہ جائزہ میٹنگ ڈاکٹر امبیڈکر سبھاگار، دربھنگہ کلکٹریٹ میں ہوئی۔ میٹنگ کی نظامت ضلع اردو زبان سیل کے اردو مترجم ڈاکٹر جسیم الدین نے کی۔ اس موقع پر ضلع اردو زبان سیل میں مامور معاون مترجم جناب محمد شبیر حسن انجم انصاری اور سابق انچارج افسر ضلع اردو زبان سیل جناب محمد انوار احمد انصاری کی سبکدوشی پر ان کے لیے الوداعیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ انھیں جناب آنند کمار نے پھول مالا اور شال پوشی اور اردو عملہ کی طرف سے ہدیہ تحائف پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی اور ان کے ذریعے اردو کی ترویج وتشہیر کے حوالے سے کیے کاموں کی ستائش کی۔ جناب آنند کمار نے سب سے پہلے سبھی اردو عملہ کا تعارف لیا بعد ازاں سبھی اردو عملہ کے ماہانہ کام کا جائزہ لیا، جائزہ میٹنگ میں انھوں نے جہاں بعض اردو عملہ کی ستائش کی اور ان کے ذریعے کیے گئے اردو کے کام پر اظہار اطمینان کیا وہیں بعض عملہ کی تساہلی پر انھوں نے باز پرس بھی کی اور ان کے کام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ اپنے کام کے تئیں بیدار رہنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر متعدد اردو عملہ کو در پیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 30 جون کو جناب محمد انوار احمد انصاری ترجمہ افسر بشمول انچارج افسر، ضلع اردو زبان سیل کے سبکدوش ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ دربھنگہ جناب کوشل کمار آئی اے ایس نے جناب آنند کمار اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضلع اقلیتی فلاح، دربھنگہ کو ضلع اردو زبان سیل کا انچارج مقرر کیا۔ آج کی پہلی میٹنگ میں انھوں نے نئے جوش وامنگ کے ساتھ اردو کی ترویج واشاعت سے متعلق حکومت بہار کی اسکیموں کو عملا نافذ کرنے میں سبھی کو اپنے فرض منصبی نبھانے میں دلچسپی لینے کی تلقین کی۔ انچارج افسر کے کلمات تشکر کے ساتھ میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔