تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 5 جولائی : راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو یادو کو ہفتہ کے روز ایک بار پھر پارٹی کے قومی صدر کے طور پر تاج پہنایا گیا۔ ان کی میعاد 2028 تک ہوگی۔ لالو یادو 13ویں بار آر جے ڈی کے قومی صدر بنے ہیں۔ پارٹی قائدین نے انہیں گلدستہ دے کر پارٹی کا قومی صدر بننے پر مبارکباد دی۔آر جے ڈی کی قومی کونسل کی اہم میٹنگ آج پٹنہ کے باپو آڈیٹوریم میں ہو رہی ہے۔ اس میٹنگ کی صدارت پارٹی کے قومی انتخابی افسر ڈاکٹر رام چندر پوروے کررہے ہیں۔ اس سے پہلے لالو یادو کے 13ویں بار آر جے ڈی کے قومی صدر بننے کا اعلان کیا گیا اور اسٹیج پر انہیں سرٹیفکیٹ اور گلدستہ دے کر مبارکباد دی گئی۔لالو یادو نے 23 جون کو صدر کے عہدے کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ان کے خلاف کسی اور نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔ اس لیے انہیں بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا جس کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ پہلے یہ چرچا تھا کہ لالو پرساد پارٹی کی کمان اپنے بیٹے تیجسوی یادو کو سونپیں گے، لیکن اب انہیں انتظار کرنا پڑے گا۔اس موقع پر تیجسوی یادو نے کہا کہ لالو یادو نے 12 میعادوں تک پارٹی کی کامیابی سے قیادت کی ہے۔ ان کی قیادت میں پارٹی نے سماجی انصاف اور غریبوں کی آواز بلند کی ہے۔ اب 13ویں بار صدر بننا پورے مزدور طبقے کے لیے فخر کی بات ہے۔