تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(رقیہ آفرین)محلگاؤں تھانہ علاقہ کی باگ نگر پنچایت کے ککوڑا گاؤں وارڈ نمبر 9 میں دیر رات نامعلوم بدمعاش نے گھر کے برآمدے میں سوئے ہوئے باپ بیٹے پذ گولی داغ دی۔ جس سے موقع پر ہی بیٹا کی موت ہوگئی جبکہ مقتول بچے کے والد شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنیچر کی شب قریب ایک بجے کسی نامعلوم بدمعاش نے برآمدے میں سورہے مجسم پر گولی چلائی تھی لیکن گولی اسے لگنے سے قبل اس کے ساتھ ہی سورہے اس کے بارہ سالہ بیٹے ابو ہریرہ کے سر سے نکل کر مجسم کے بازو میں جا پھنسی۔ گولی سر کے آر پار ہوجائے کے سبب ابوہریرہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے والد مجسم شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ جسے فوری صدر اسپتال ارریہ لے جایا گیا۔ جہاں نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر نے اسے بہتر علاج کے لیے پورنیہ ریفر کر دیا۔ وہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے شاہنواز عالم رات 2 بجے ککوڑا گاؤں پہنچے۔ اور ۔متاثرہ کنبہ سے ملاقات کر زخمی مجسم کو اسپتال بھیج دیا۔ ایم ایل اے نے پولیس انتظامیہ سے منصفانہ تحقیقات کرنے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اس ضمن میں ارریہ صدر ایس ڈی پی او رامپکار سنگھ نے بتایا کہ معاملے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ بہت جلد ملزم پولیس کی گرفت میں ہوگا۔ وہیں واقعہ کے حوالے سے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خاندان کی مالی حالت کمزور ہے۔ گھر مٹی سے بنا ہواہے۔ بظاہر کسی سے اس کی دشمنی بھی نہیں ہے۔ اس کے باوجود یہ معاملہ کیونکر پیش آیا؟ اس کی حقیقت صرف مقتول بچے کے زخمی والد مجسم ہی بتا سکتا ہے جو کہ فی الحال پورنیہ کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

