تبریز اور اصفہان کے علاوہ ملک کے بیشتر ہوائی اڈے دوبارہ کھول دیے گئے: ایرانی سول ایوی ایشن

تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تہران،04جولائی:ایران میں سول ایوی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ تہران کے مہرآباد اور امام خمینی ایئر پورٹ کے ساتھ ساتھ ملک کے شمال، مشرق، مغرب اور جنوب کے ہوائی اڈوں نے آج (جمعے ) سے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے تاہم تبریز اور اصفہان ہوائی اڈے ابھی بدستور بند رہیں گے۔یاد رہے کہ اسرائیل ایران جنگ کے باعث تقریبا 20 دنوں سے زیادہ ایران کی اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے ائیرپورٹس بند کر دیے گئے تھے۔ایرانی سول ایوی ایشن کے مطابق اصفہان اور تبریز کے اہم ہوائی اڈوں پر بنیادی انفرا سٹرکچر کی تعمیر کے فوراً بعد ان پر بھی فضائء آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ اسرائیل ایران جنگ کے تھمنے کے بعد مشرقی تہران میں کچھ پروازیں کھولی گئیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کے ایک بڑے حصے کی گزرگاہ جانا جانے والا حصہ یعنی ملک کے مرکز اور مغرب میں فضائی آمد و رفت بند رہی تھی۔اس دوران آسٹریلیا کی قنطاس، جرمنی کی لفتھانسا، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ایئر انڈیا سمیت درجنوں ایئر لائنز کو گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایرانی آسمانوں پر اپنے روٹس تبدیل کرنے پڑے۔جون کے وسط میں شروع ہونے والی ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ ایران، اسرائیل، عراق حتیٰ کہ اردن اور قطر جیسے ممالک میں ہزاروں ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنے کا سبب بنی تھیں۔