یہ بی جے پی تحفظ بل ہے : سنجے راوت، اپوزیشن کی مہاراشٹر حکومت پر شدید تنقید

تاثیر 12 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی،12 جولائی:مہاراشٹر کی سیاست میں اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب ریاستی حکومت نے ’خصوصی پبلک سیکورٹی بل، 2024‘ کو اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے احتجاج اور واک آؤٹ کے باوجود منظور کر لیا۔ اس متنازعہ قانون کے خلاف شیو سینا یو بی ٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے سخت بیانات دیتے ہوئے اسے ’بی جے پی تحفظ بل‘ قرار دیا۔ راوت نے کہا کہ بی جے پی اصل میں نکسلیوں سے نہیں بلکہ ان تمام سماجی گروپوں، غیر سرکاری تنظیموں اور اپوزیشن جماعتوں سے خائف ہے جو حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس قانون کے تحت ان مظاہرین کو نشانہ بنایا جائے گا جو اپنی زمین کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کا مقصد کارپوریٹ مفادات کے حق میں عوامی مزاحمت کو کچلنا ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ عوامی تحفظ کی آڑ میں قبائلیوں کی آواز خاموش کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن کے زبردست احتجاج کے باوجود یہ بل ریاستی قانون ساز اداروں میں منظور کر لیا گیا اور اب گورنر کی منظوری کا منتظر ہے۔ بل میں بائیں بازو کی شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے ان پر کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا گیا ہے۔شیو سینا یو بی ٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے نے بھی بل کی کھل کر مخالفت کی۔