تاثیر 19 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 19 جولائی:آئندہ 22 جولائی یعنی منگل کے روز پٹنہ ہائی کورٹ کے جج کے طور پرسدھیر سنگھ حلف لیں گے۔ وہ نو تعینات چیف جسٹس وی ایم پنچولی کے بعد سب سے سینئر جج ہوں گے۔ انہیں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے پٹنہ ہائی کورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
جسٹس سدھیر سنگھ پہلے بھی پٹنہ ہائی کورٹ میں جج کے طور پر کام کر رہے تھے، لیکن انہیں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ بھیج دیا گیا۔ اب وہ دوبارہ لوٹ آئے ہیں۔ وہ 20 جولائی یعنی اتوار کے روز چنڈی گڑھ سے پٹنہ آ رہے ہیں۔ جسٹس سدھیر سنگھ کے والد جسٹس این پی سنگھ بھی سپریم کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔
جسٹس سدھیر سنگھ کی اسکولنگ کے بارے میں بات کریں تو انھوں نے اپنی اسکولنگ وکاس ودیالیہ رانچی سے کی ہے۔ سال 1991 میں انہوں نے بطور وکیل پریکٹس شروع کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے وکیل اور انڈین ریلوے کے وکیل کے طور پر کام کیا ہے۔ 15 اپریل 2015 کو انہیں پٹنہ ہائی کورٹ میں عارضی جج کے طور پر مقرر کیا گیا۔ بعد میں وہ 20 اپریل 2016 کو پٹنہ ہائی کورٹ میں مستقل جج کے طور پر مقرر ہوئے، 2 نومبر 2023 کوان کا تبادلہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں بطور جج کیا گیا۔ وہ 2023 سے اب تک پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

