تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نیویارک،26جولائی:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے جمعہ کے روز بین الاقوامی برادری کی اس ناطے مذمت کی ہے کہ اس نے غزہ کے فلسطینیوں کے مصائب کے حوالے سے اپنی آنکھوں کو اندھا کر رکھا ہے۔ وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بین الاقوامی اسمبلی سے ویڈیو لنک پر گفتگو کر رہے تھے۔انتونیو گوتریس نے غزہ کے بارے میں عالمی سطح پر پائی جانے والی اس صورت حال کو عالمی برادری کا اخلاقی دیوالیہ پن قرار دیا ہے اور کہا جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے غزہ کے جنگ زدہ اور بھوک زدہ فلسطینیوں کے بارے میں عالمی سطح پر رائج بے حسی پر سخت تنقید کے انداز میں کہا ‘ غزہ کے بارے میں پائی جانے والی اس بے اعتنائی اور بے عملی کی جو سطح دیکھتا ہوں اسے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا ‘ میں اس سلسلے میں بہت سی کمیونٹیز کو ایک ہی سطح پر دیکھ رہا ہوں۔ ان میں غزہ کے لوگوں کے لیے ہمدردی کی کمی کے ساتھ ساتھ سچائی کی کمی اور مجموعی طور پر انسانیت کی کمی کا اظہار جاری ہے۔

