تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 جولائی: الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بہار میں ووٹر لسٹ کی نظر ثانی کا عمل 24 جون کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ کامیابی سے چل رہا ہے۔ کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اس عمل سے متعلق کسی بھی قسم کی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کمیشن سے وابستہ ذرائع کے مطابق یکم اگست کو جاری ہونے والی انتخابی فہرست کے مسودے میں صرف ان ووٹرز کے نام شامل ہوں گے جن کے نامزدگی فارم 25 جولائی سے پہلے موصول ہوچکے ہیں، ووٹر 25 جولائی تک کسی بھی وقت ضروری دستاویزات جمع کراسکتے ہیں۔اس کے علاوہ اعتراضات اور دعووں کی مدت کے دوران بھی کاغذات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
کمیشن نے عام لوگوں کو خبردار کیا کہ کچھ لوگ 24 جون کے حکم کو پڑھے بغیر یا جان بوجھ کر غلط تشریح کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کے گمراہ کن اور غلط بیانات پر توجہ نہ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کمیشن نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور الجھن کا شکار نہ ہوں۔