ہوڑہ میں تعلیم، روزگار اور خواتین کی فلاح پر حکومت کی اسکیموں کا بیداری اجلاس

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 21/ اگست (تاثیر بیورو) وزیر اعلیٰ مغربی بنگال محترمہ ممتا بنرجی کی رہنمائی اور تحریک پر ہوڑہ ضلع اقلیتی امور محکمہ کے زیر اہتمام آج ایک شاندار بیداری اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری مختلف فلاحی و ترقیاتی اسکیموں سے اقلیتی برادری کو واقف کرایا گیا۔
یہ پروگرام گوردوارا گرو نانک ست سنگھ، عالم پور میں صبح 11 بجے شروع ہوا، جس میں کثیر تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے تعلیم کے فروغ، طلبہ کے لیے وظائف، روزگار کے مواقع، خواتین کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لیے متعدد اسکیمیں جاری ہیں۔ جبکہ منتظمین نے اس موقع پر کہا کہ اس نوعیت کے اجلاس عوام میں شعور بیدار کرنے اور فلاحی منصوبوں کو زمینی سطح پر عام کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مقامی شرکاء نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے عوام دوست اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں نمایاں طور پر شریک شخصیات میں گرپریت سنگھ (سینٹی بھائی)، دلوارہ سنگھ، جسویندر سنگھ، کلونت سنگھ چیما، راجوِیندر سنگھ، کمل جیت سنگھ (لڈّی)، بلویندر سنگھ رائے، عبد القیوم انصاری، امر جیت سنگھ رنکو اور جمیل الرحمٰن کے نام شامل ہیں۔