دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو ملی زیڈ کیٹیگری کی سیکورٹی

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 اگست:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے کے بعد مرکزی حکومت نے ان کی سکیورٹی سخت کر دی ہے اور انہیں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کر دی ہے۔ اب دہلی پولیس کے ساتھ سی آر پی ایف کے جوانوں کو بھی وزیر اعلیٰ کی سیکورٹی کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ یہ اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے۔دریں اثنا دہلی کے سات بی جے پی ممبران پارلیمنٹ – رامویر سنگھ بیدھوڑی، بنسوری سوراج، ہرش ملہوترا، منوج تیواری، پروین کھنڈیلوال، کمل جیت سہراوت اور یوگیندر چنڈیلیا نے آج وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ایم پی رامویر سنگھ بیدھوڑی نے ایک ایکس پوسٹ میں یہ جانکاری دی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ جہاں چیف منسٹر ریکھا گپتا گزشتہ چھ مہینوں میں کئے گئے عظیم کاموں کی وجہ سے لوگوں میں ترقی کی دیوی کے طور پر شہرت حاصل کر رہی ہیں، وہیں کچھ لوگوں کو ان کا لوگوں کے درمیان جانے اور ان کے مسائل حل کرنے کا انداز پسند نہیں ہے۔ ساتوں ممبران پارلیمنٹ نے ریکھا گپتا کے بلند حوصلہ اور ترقی کی راہ پر چلنے کے ان کے پختہ عزم کی تعریف کی۔اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی جلد صحت یابی اور عوام میں واپسی کی خواہش کی۔