تاثیر 01 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع دینارا تھانہ علاقہ کے بیلوئیاں میں جمعرات کو گاؤں والوں نے پولس ٹیم پر حملہ کر دیا جسمیں بکرم گنج کے ایس ڈی پی او کمار سنجئے کے ساتھ آٹھ لوگ زخمی ہوئے ہیں،یہاں تک کہ سورجپورہ تھانہ کے صدر منیش کمار کو گاؤں والوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے انکے سر پر ہی وار کر دیا جسکی وجہ سے ان کے سر پر آٹھ ٹانکے لگے ہیں، اس میں ایک نوجوان بھی زخمی ہوا ۔ تمام پولس اہلکار عدالتی حکم کے مطابق ایک متنازعہ زمین پر مداخلت کرنے کے لئے دینارا تھانہ علاقے کے بیلوئیاں گاؤں گئے تھے، جہاں قریب کے تین گاؤں کے لوگ لاٹھیاں لے کر آئے اور سب کی پٹائی کی، یہی نہیں وہاں سے بڑی تعداد میں لوگ مقامی تھانہ بھی پہنچ گئے اور توڑ پھوڑ کے ساتھ پولس اہلکاروں کی پٹائی بھی کی ۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ دیہی طرف کا ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے، انیش پاسوان نامی نوجوان شدید زخمی بتایا جاتا ہے، جسے پہلے سہسرام صدر اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے وارانسی اسپتال ریفر کردیا گیا ہے لیکن ایس پی روشن کمار نے موقع پر فائرنگ کی تردید کی ہے ۔ گاؤں والوں نے روہتاس پولس انتظامیہ پر یک طرفہ کارروائی کرنے اور جانبداری کا الزام بھی لگایا ہے ۔ معلوم ہو کہ مذکورہ گاؤں میں دو فریقین کے درمیان 2011 سے زمین کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا، اسی دوران ایک فریق نے عدالت کے حکم پر متنازعہ زمین پر دھان کے بیج لگانا شروع کیا تو دوسرا فریق بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گیا، دونوں کے درمیان نوک جھونک کے بعد کشیدگی اتنی بڑھ گئی کہ لاٹھیاں چلنی شروع ہو گئیں، جہاں لوگوں نے گولی چلانے کی بات بھی کہی ہے، گاؤں والوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک نوجوان کو گولی لگی، جس کے بعد گاؤں والے غصہ میں آگئے، تاہم ابھی پورا علاقہ پولس کیمپ میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ اس معاملے میں کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔

