خواجہ سراؤں کو تحفظ چاہئے،استدعا کی،معاملہ کمیشن کیلئے دباؤ جان سے مارنے کی دھمکی کا ہے

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

          سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے بکرم گنج سب ڈویژن میں خواجہ سرا خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، ان سبھی نے روہتاس ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے سکریٹری سے رابطہ کر اس متعلق آگاہ کیا ہے ۔ لالی نامی خواجہ سرا نے آج بتایا کہ کچھ لوگوں نے کمیشن مانگنا شروع کر دیا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ناگ پنچمی کے دن رات 9 بجے کے قریب جب میں اپنے گھر کھانا کھا رہا تھا تو تین لوگ میرے گھر میں داخل ہوئے، مجھ پر پستول بھی تان لیا، جب میرے بھائی پرشوتم کشیپ نے ان کی مخالفت کی تو گولی چلائی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، واقعہ کے بعد فرار ہورہے ایک شخص کو پکڑ کر پولس کے بھی حوالے کر دیا گیا ہے ۔ پولس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے جسکے لئے ہم انصاف اور تحفظ چاہتے ہیں تاکہ ہم اپنی زندگی سکون سے گزار سکیں ۔ اس حوالے سے ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے سیکریٹری نے بھی یہ بتایا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی نے انصاف کے تحفظ کے لئے درخواست دی ہے، جسے ڈی ایم اڈیتا سنگھ اور ایس پی روشن کمار کو بھی بھیج دیا گیا ہے، کیونکہ ہر ایک کو عزت اور تحفظ کے ساتھ جینے کا حق ہے، خاص طور پر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو بھی تحفظ یقینی بنایا جائیگا ۔