تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کھگڑیا،12ستمبر: بہار انتخابات کو لے کر ریاست میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے دعویٰ کے لیے کئی نام سامنے آئے۔ تیجسوی یادوعظیم اتحاد میں ہیں، چراغ پاسوان بھی نتیش کمار کے ساتھ این ڈی اے میں شامل ہیں۔ادھر چراغ پاسوان کی والدہ کا بڑا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ چراغ پاسوان کو نہ صرف وزیراعلیٰ بلکہ وزیر اعظم بھی بننا چاہیے۔ ان کی والدہ چاہتی ہیں کہ اگر چراغ پاسوان وزیر اعظم بنیں تو انہیں بہت اچھا لگے گا۔ اس کے لیے انہوں نے چراغ پاسوان کو آشیرواد بھی دیا۔پشوپتی پارس کے بارے میں میڈیا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پارس نے ہمیں کچھ نہیں بتایا۔ اس لیے مجھے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے کہ پشوپتی پارس جی ٹکٹ کس کو دیں گے۔ راج کماری دیوی نے واضح طور پر کہا کہ وہ اپنے علاقے میں چراغ پاسوان کے امیدوار کی حمایت کریں گی اور انہیں ہی ووٹ دیں گی۔ تاہم سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ابھی تک امیدوار کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔
دراصل چراغ پاسوان کے والد آنجہانی لیڈر رام ولاس پاسوان نے دو شادیاں کی تھیں۔ پہلی شادی راج کماری دیوی سے ہوئی جو اس وقت کھگڑیا کے شہربنی میں رہتی ہیں۔ دوسری شادی رینا پاسوان سے ہوئی۔ چراغ پاسوان رینا پاسوان کے بیٹے ہیں۔ چراغ راج کماری دیوی کو بڑی ماں کہہ کر پکارتے ہیں۔

