تاثیر 28 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہگلی، 28/ ستمبر (تاثیر بیورو) درگا پوجا کے آغاز پر جہاں پورا بنگال خوشی کے ماحول میں ڈوبا ہوا ہے، وہیں چاپدانی کی نارتھ بروک جوٹ مل کے ہزاروں مزدور بے روزگاری کا شکار ہو گئے ہیں۔ مل انتظامیہ کی من مانی کے خلاف مزدوروں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق، گزشتہ ہفتے مل انتظامیہ نے مزدوروں کو ایک سے زیادہ مشین چلانے اور پروڈکشن بڑھانے کا حکم دیا تھا۔ مزدوروں نے اس فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔ اس دوران آئی این ٹی ٹی یو سی کے صدر کیشور کیوٹ کی قیادت میں مزدوروں نے مل کے گیٹ پر زبردست مظاہرہ کیا۔کیشور کیوٹ نے الزام لگایا کہ انتظامیہ مزدوروں کا استحصال کر رہی ہے اور درگا پوجا کے ساتھ ساتھ 2 اکتوبر کی تعطیلات کی مزدوری بھی ہڑپنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مل انتظامیہ فوری طور پر پرانے نظام کے مطابق کام دوبارہ شروع کرے اور تہوار کے بعد بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ معاملے کی شکایت ضلع جوٹ انتظامیہ کے علاوہ مقامی ایم ایل اے ارندم گوئن اور ریاستی وزیر بیچا رام منڈل سے بھی کی جائے گی۔

