تاثیر 17 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اسلام آباد، 16 اکتوبر: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں آج علی الصبح ایک سڑک حادثے میں پندرہ افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ ضلع سوات میں پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار کے مطابق ضلع سوات میں پنجاب جانے والا ٹرک الٹنے سے کم از کم 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق، مالاکنڈ ریسکیو 1122 کی ترجمان شفیقہ گل نے ایک بیان میں کہا، ”جمعرات کی صبح سوات موٹر وے کی ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک ٹرک الٹنے سے ایک ہی خاندان کے کم از کم 15 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔” انہوں نے کہا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ خاندان تحصیل بحرین کے علاقے گبرال سے تھا اور پنجاب جا رہا تھا جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا‘۔ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو بٹ خیلہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے جنہیں سوات ریفر کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بریک فیل ہونے کے باعث ٹرک کے حادثے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔ 11 ستمبر کو مانسہرہ میں جیپ کھائی میں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئیں۔ دو روز قبل ہری پور میں ہزارہ موٹروے پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

