بہار میں ایک بار پھر سیکولر، انصاف پسند اور ترقی پر مبنی حکومت قائم ہوگی: نظرعالم

تاثیر 12 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ (فضاامام):جدیو لیڈر و آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے کہا ہے کہ بہار کی موجودہ سیاسی فضا میں امن، انصاف اور ترقی کی راہ پر گامزن سیاست کو مضبوط کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، اور اس کے لیے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ایک مضبوط، سیکولر اور ترقی پسند حکومت کا بننا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار وہ لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انصاف کی سیاست کو ترجیح دی۔ ان کے 20 سالہ دورِاقتدار میں بہار نے امن، قانون، تعلیم، روزگار اور ترقی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔مسلمانوں کے لیے خاص طور پر تعلیمی و اقتصادی اسکیمیں جیسے اقلیتی طلبہ اسکالرشپ، روزگار قرض اسکیم، مدرسہ جدید کاری اور مولانا مظہرالحق یونیورسٹی کا قیام، ان کی اقلیت دوست سوچ کی واضح مثالیں ہیں۔نظر۱عالم صاحب نے کہا کہ نتیش کمار نے ذات و مذہب سے اوپر اٹھ کر سب کے لیے ترقی کی راہ ہموار کی۔ ان کے دور میں بہار میں کوئی بڑا فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا، جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان کی حکومت میں امن و بھائی چارے کی فضا قائم رہی۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ 2025 کے اسمبلی انتخابات میں نتیش کمار اور جنتا دل (یونائٹیڈ) کی حمایت کریں تاکہ بہار میں ایک بار پھر سیکولر، انصاف پسند اور ترقی پر مبنی حکومت قائم ہوسکے۔نظرِ عالم نے کہا: “نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے جو امن، تعلیم اور روزگار کی راہ دیکھی ہے، اسے برقرار رکھنے کے لیے 2025 میں ہمیں ایک بار پھر ان پر اعتماد کرنا ہوگا۔