تاثیر 31 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 31 اکتوبر: بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل مکامہ حلقے میں پیش آئے ایک قتل معاملے نے جے ڈی یو امیدوار اور سابق ایم ایل اے اننت سنگھ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف دلار چند یادو قتل معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام مکامہ کے ٹال علاقے میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے دوران دلار چند یادو کی موت ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے پوتے کے بیان کی بنیاد پر دیر رات ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں اننت سنگھ کے علاوہ ان کے دو بھتیجوں رنویر سنگھ اور کرمویر سنگھ سمیت پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ اننت سنگھ کے حامیوں نے پہلے فائرنگ کی اور پھر گاڑی چڑھا کر دلار چند یادو کو قتل کر دیا۔
واقعے کے فوراً بعد علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ مکامہ ٹال اور آس پاس کے گاؤں میں کشیدگی ہے۔ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے گشت بڑھا دیا ہے اور کئی حساس مقامات پر کیمپ لگا دیے ہیں۔
پٹنہ کے ایس ایس پی کارتکئے شرما نے بتایا کہ فائرنگ کی یہ واردات مکامہ کے ٹال گاؤں کے قریب ہوئی۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو وہاں دو تین گاڑیاں ٹوٹی ہوئی حالت میں ملی، جن میں سے ایک گاڑی میں دلار چند یادو کی لاش پائی گئی۔ ایس ایس پی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مقتول کے خلاف پہلے سے قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت کئی مقدمات درج تھے۔

