تاثیر 18 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 17 اکتوبر:مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ نے بی جے پی پر بڑا حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں چل رہی بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت ریاست کے لیے ڈبل مصیبت بن گئی ہے۔ جن عوامی فلاحی منصوبوں کا بی جے پی حکومت بڑے پیمانے پر ڈھول پیٹتی رہتی ہے اور ان کے تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ ان منصوبوں کے لیے مرکزی حکومت سے مدھیہ پردیش حکومت کو ایک پیسہ نہیں مل رہا ہے۔
کمل ناتھ نے جمعہ کو اخبار میں شائع ایک خبر کے حوالے سے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کر لکھا کہ ریاستی حکومت کو مختلف منصوبوں کے لیے مرکزی حکومت سے رقم حاصل ہونی تھی لیکن اس میں سے بیشتر رقم مرکز نے ریاست کو نہیں بھیجی ہے۔ جل جیون مشن، پردھان منتری آواس یوجنا، دیہی کوشل یوجنا، دیہی آجیویکا مشن، اسکالرشپ منصوبے، راشٹریہ آیوش مشن جیسے منصوبے اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلاحی منصوبے مدھیہ پردیش کی عوام کے مفاد کے لیے چلائے جانے تھے لیکن مرکزی حکومت جان بوجھ کر ناانصافی کر رہی ہے اور مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

