بھاگلپور واقع پاور پلانٹ اڈانی کے حوالہ کیے جانے سے کانگریس ناراض

تاثیر 5 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 5 اکتوبر:کانگریس نے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آج ایک پریس کانفرنس کی جس میں کانگریس کے نوجوان لیڈر کنہیا کمار نے نہ صرف متعلقہ پاور پلانٹ کے بارے میں اہم حقائق سامنے رکھے، بلکہ ان حقائق کی روشنی میں تلخ سوالات بھی برسراقتدار طبقہ سے پوچھے۔ اس پریس کانفرنس میں کنہیا کمار کے ساتھ ابھے دوبے، سوربھ سنہا اور شکیل خاں جیسے سرکردہ پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے بلاواسطہ طور پر برسراقتدار طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹ چوری سے بنی حکومت زمین چور ہے، منافع خور ہے، بچت چور ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’حکومت اب بہار کے وسائل نریندر مودی کے دوست اڈانی کو سونپنے میں لگی ہوئی ہے۔ اڈانی کے وارے نیارے ہیں، اب انھوں نے بہار میں بھی پاوں پسارے ہیں۔‘‘