تاثیر 29 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
امراوتی، 29 اکتوبر: آندھرا پردیش میں طوفان مونتھا نے تباہی مچا دی ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے کئی اضلاع میں کافی نقصان ہوا ہے۔ ایس ڈی آر ایف، پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔ طوفان میں دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔ انہوں نے ریاست بھر میں کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کرنے، مسدود سڑکوں پر ٹریفک کو جلد از جلد بحال کرنے اور نقصان کا اندازہ لگانے کے ساتھ متاثرہ لوگوں تک ضروری سامان پہنچانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے بدھ کی صبح ریاستی سکریٹریٹ کے ضلع کلکٹرس، متعلقہ عہدیداروں اور وزراء کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ وزیر اعلیٰ نے تجویز پیش کی کہ طوفان سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ جلد تیار کیا جائے۔ انہوں نے حکام اور وزراء سے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں۔

