تاثیر 30 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 30 اکتوبر :بنگلہ دیش میں ریفرنڈم (استصواب عامہ)اور جولائی کے قومی چارٹر کے نفاذ کے مطالبات نے زور پکڑ لیا۔ آٹھ سیاسی جماعتوں نے آج دارالحکومت ڈھاکہ کے اگرگاؤں میں نروباچن بھون کے باہر ایک ریلی نکال کر عبوری حکومت کے خلاف احتجاج شروع کیا۔ اس کے بعد انہوں نے الیکشن کمیشن کے حکام کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی اور اسلامی اندولن بنگلہ دیش سمیت آٹھ سیاسی جماعتوں نے ایک ریلی نکالی اور الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں نومبر میں ہر حال میں استصواب عامہ کرانے اور جولائی کے قومی چارٹر کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ میمورنڈم میں الیکشن کمیشن پر زور دیا گیا کہ وہ تمام پارٹیوں کے لیے یکساں مواقع کو یقینی بنائے اور خبردار کیا کہ ایسا نہ کرنے پر پچھلے کمیشن جیساانجام ہوگا۔

