تاثیر 7 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 7 اکتوبر: مغربی بنگال کانگریس کے صدر شبھانکر سرکار نے منگل کو مرکزی حکومت سے شمالی بنگال میں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اس بحران سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔
شبھانکر سرکار نے پارٹی لیڈروں کے ایک وفد کے ساتھ منگل کی صبح شمالی بنگال کے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو شمالی بنگال کے متاثرہ اضلاع کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے۔سرکار نے کہا کہ تب ہی ایک مناسب بحالی اور معاوضہ کا منصوبہ متاثرہ لوگوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اس معاملے پر ایک آل پارٹی میٹنگ بلائیں۔
کانگریس صدر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس تباہی کو قومی آفت قرار دینا چاہئے اور فوری طور پر خصوصی امدادی پیکیج فراہم کرنا چاہئے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی دونوں اپنے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مل کر کام کریں۔ ہم سب کو مل کر عوامی بھلائی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

