تاثیر 16 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ، 15 اکتوبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے بریسٹ کینسر آگہی ماہ کے تحت خصوصی بیداری پروگرام منعقد کئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد حبیب رضا (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) تھے، جب کہ پروفیسر محمد اکرم (صدر، شعبہ ریڈیوتھیریپی) نے بطور مہمانِ اعزازی شرکت کی۔ پروفیسر رضا نے بریسٹ کینسر سے صحت یاب ایک خاتون کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنی جدوجہد اور بحالی کی متاثر کن کہانی حاضرین کے سامنے بیان کی۔ پروفیسر اکرم نے سرطان سے متعلق آگہی اور تحقیق کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون پر زور دیا۔
پروگرام کا آغاز پی جی طالبہ ڈاکٹر آیوشی کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔ ڈاکٹر راج یووراج سنگھ اور ڈاکٹر سری لکشمی نے چھاتی کے سرطان کے پھیلاؤ، خطرناک عوامل اور روک تھام کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی، اور بتایا کہ شعبہ کس طرح مختلف مقامات پر صحت مذاکرہ اور جانچ کیمپوں کے ذریعہ بیداری پیدا کرنے میں سرگرم ہے۔ شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل شعبے نے منظور گڑھی گاؤں کے پنچایت گھر میں چھاتی کے سرطان کے سلسلہ میں بیداری کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا جس میں ڈاکٹر سری لکشمی اور ڈاکٹر شفیعہ شفیق نے چھاتی کے سرطان کے خطرات، ابتدائی علامات اور خود سے معائنہ کی اہمیت کو واضح کیا۔
اس موقع پر ایک ویڈیو پیشکش اور سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔
یہ سیشن محترمہ ذکیہ سلطان کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں مقامی خواتین نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

