ضلع انتظامیہ نے امن و امان اور انصاف کی اپیل کی،تمام اسلحہ رکھنے والے تین دن کے اندر اپنا اسلحہ متعلقہ تھانے میں کرائیں جمع

تاثیر 31 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

      سہسرام ( انچم ایڈووکیٹ ) روہتاس ضلع انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لىے مسلسل موثر اقدامات کر رہی ہے کہ جمہوریت کے اس عظیم تہوار بہار اسمبلی انتخابات 2025 کو آزادانہ، منصفانہ اور خوف سے پاک ماحول میں منعقد کیا جائے ۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن آفیسر روہتاس مسز ادیتا سنگھ نے روہتاس ضلع کے تمام لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگلے تین دن کے اندر اپنا اسلحہ متعلقہ پولس اسٹیشن میں جمع کرادیں ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ہی یہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھے اور کسی بھی قسم کی غیر سماجی یا مجرمانہ سرگرمیوں کو روکے ۔ انتظامیہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ جن افراد کے پاس قانونی اسلحہ ہے وہ مقررہ مدت میں اپنے متعلقہ تھانے میں جمع کرائیں اور مناسب رسید حاصل کریں ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ انتخابی مدت کے دوران ہتھیاروں کا غیر قانونی استعمال یا نمائش ووٹنگ کے ماحول کو متاثر کر سکتی ہے، اس لئے تمام ہتھیار رکھنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں ۔ یہ قدم صرف اور صرف عوامی مفاد میں اٹھایا گیا ہے تاکہ ضلع میں امن، ہم آہنگی اور سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا حکم عدولی کے نتیجے میں اس فرد کے خلاف آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائیگی اور ان کے اسلحہ لائسنس منسوخ کئے جا سکتے ہیں ۔ ضلع انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ چھوٹ صرف ان ہتھیار رکھنے والوں کو دی جائیگی جنہیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر خصوصی اجازت دی گئی ہے اور یہ اجازت مجاز اتھارٹی کے تحریری حکم سے ہی دی جاسکتی ہے ۔ روہتاس ضلع انتظامیہ تمام شہریوں سے عاجزانہ اپیل کرتی ہے کہ وہ اس عوامی فلاحی مہم میں تعاون کریں، جمہوریت کے اس جشن کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ کا ساتھ دیں، اور امن، ہم آہنگی اور نظم و ضبط کی مثال قائم کریں ۔ ہتھیار جمع کرنے کا یہ عمل تمام تھانوں کے حدود میں جاری ہے اور ہر تھانہ انچارج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کو ضروری سہولیات اور معاونت فراہم کریں جو مقررہ وقت کے اندر اسلحہ جمع کر دیں ۔ ضلع انتظامیہ کو یقین ہے کہ ضلع روہتاس کے باشعور شہری اس مہم میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے اور 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات منصفانہ، پرامن اور خوف سے پاک ہونے کو یقینی بنانے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرینگے ۔