ڈوڈہ رامبن سڑک کاستی گڑھ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کے آمدورفت کے لیے بند

تاثیر 22 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 22 اکتوبر:ضلع ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں مسلسل بارشوں کے بعد شدید لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں زمین کا ایک بڑا حصہ دھنس گیا، جس سے ڈوڈہ کو رامبن سے جوڑنے والی اہم سڑک آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔حالیہ طوفانی بارشوں کے سبب علاقے میں زمین کے کٹاؤ اور کھسکنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کی زد میں کئی رہائشی علاقے بھی آ گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق کاستی گڑھ کے صادرا بگ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں سڑک کا تقریباً تین سو میٹر طویل حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے سبب قریب پچاس گھروں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے علاقے میں گاڑیوں اور پیدل آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر مقامی وی ڈی جی ممبران کو نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات اْٹھانے کی اپیل کی ہے۔