جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں لگی آگ ، آٹھ مریض ہلاک

تاثیر 6 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جے پور، 6 اکتوبر: راجستھان کی راجدھانی جے پور میں سوائی مان سنگھ (ایس ایم ایس) اسپتال کے ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں اتوار کی دیر رات آگ لگنے سے آٹھ مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ ایف ایس ایل کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے۔ آگ لگنے کی تحقیقات کے لیے حکومتی سطح پر چھ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے ٹراما سینٹر میں آتشزدگی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاستی حکومت سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اتوار کی رات تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر ٹراما سینٹر کے نیورو آئی سی یو وارڈ کے اسٹور روم میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسٹور روم میں کاغذ، طبی آلات اور خون کے نمونے لینے والی ٹیوبیں تھیں۔ آگ نے تیزی سے آئی سی یو کو اپنی زد میں لے لیا، اور دھواں پورے وارڈ میں پھیل گیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے ملازم اودھیش پانڈے کے مطابق الارم بجتے ہی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی لیکن دھوئیں کی وجہ سے اندر داخل ہونا ناممکن تھا۔ ٹیم نے عمارت کی دوسری طرف سے شیشے کی کھڑکیوں کو توڑا اور پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تمام مریضوں کو ان کے بستروں سمیت سڑکپر منتقل کر دیا گیا۔