حکومت دہلی کی ترقی پر پیسہ خرچ کر رہی ہے، تشہیر پر نہیں: آشیش سود

تاثیر 10 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 اکتوبر: دہلی کے وزیر تعلیم آشیش سود نے دعویٰ کیا کہ حکومت دہلی کی ترقی پر دیانتداری اور منصوبہ بند طریقے سے پیسہ خرچ کر رہی ہے نہ کہ تشہیر یا اشتہار پر۔
جمعہ کو جنک پوری اسمبلی حلقہ کے چانکیہ پلیس پارٹ 2 میں وردھمان جیولرس سے دوارکا نالہ سروس روڈ تک سڑک کی تعمیر کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے جنک پوری کی ترقی کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی اور جنک پوری اسمبلی حلقہ کو دہلی کے دیگر علاقوں کی طرز پر ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جنک پوری میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا جائے گا۔ جن میں سیوریج کی نئی پائپ لائنیں بچھانا، پرانی سیوریج پائپ لائنوں کی مرمت، پینے کے پانی کی نئی پائپ لائنیں بچھانا، سردیوں اور گرمیوں کی استعداد کے مطابق بجلی کی تقسیم کا انتظام، سڑکوں کی مرمت یا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نئی سڑکوں کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں، یہ تمام کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔وزیر سود نے کہا کہ کئی سالوں سے جنک پوری اسمبلی حلقہ کو ترقی کے معاملے میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ پچھلی حکومتوں نے یہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی اور نہ ہی انہیں بنیادی سہولیات فراہم کیں۔