تاثیر 22 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غزہ،22اکتوبر:اسرائیلی فوج نے منگل کی شام اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے غزہ میں زیر حراست دو اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں وصول کر لی ہیں۔اس سے قبل حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے تحت دو اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں منگل کو واپس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ “ہم رات 9 بجے (غزہ کے وقت کے مطابق) دو اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کریں گے۔اگر یہ عمل مکمل ہو گیا تو جنگ بندی کے آغاز سے اب تک حماس کی جانب سے اسرائیل کو مجموعی طور پر 15 لاشیں واپس کی جا چکی ہوں گی۔دوسری جانب بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے 15 فلسطینیوں کی میتیں غزہ منتقل کی ہیں۔ یہ اقدام امریکہ کی سرپرستی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت کیا گیا، جس کے بعد فلسطینی فریق کو ملنے والی میتوں کی کل تعداد 165 ہو گئی ہے۔ریڈ کراس کے بیان میں کہا گیا ہیکہ کل ریڈ کراس نے فلسطینی شہریوں کی لاشیں غزہ کے حکام کے حوالے کرنے میں سہولت فراہم کی۔ غزہ کے مقامی طبی حکام نے تصدیق کی کہ آج موصول ہونے والی لاشوں کی تعداد 15 ہے۔غزہ کی وزارت صحت نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ اسے اسرائیل سے 15 لاشیں ملی ہیں، جن میں سے کسی کی شناخت نہیں ہو سکی۔ وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اب تک موصول ہونے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 165 ہے۔

