تاثیر 9 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 9 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر کے درمیان جمعرات کو ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعلقات میں نئی توانائی بھرنے اور تعاون کے مختلف شعبوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے وفد کی سطح کی بات چیت کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان–برطانیہ جامع اقتصادی و تجارتی معاہدہ (سی ای ٹی اے) دوطرفہ شراکت داری کو عالمی ترقی اور استحکام کے ایک نئے دور میں لے جائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اسٹارمر کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور جولائی میں تاریخی سی ای ٹی اے معاہدے کے بعد اقتصادی تعاون میں تیزی آئی ہے۔مودی نے کہا کہ یہ معاہدہ تجارت کو فروغ دے گا، درآمدی اخراجات کم کرے گا اور نوجوانوں کے لیے نئے روزگار پیدا کرے گا، جس سے صنعتوں اور صارفین دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ سب سے بڑا تجارتی وفد ہندوستان آنا دونوں ملکوں کے باہمی اعتماد اور مضبوط عزم کی علامت ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی قدرتی شراکت دار ہیں۔ ‘‘موجودہ عالمی غیر یقینی ماحول میں یہ بڑھتی ہوئی شراکت داری عالمی استحکام اور خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد ہے۔’’

