اسرائیل نے مغربی کنارے میں تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا

تاثیر 28 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رام اللہ،28اکتوبر:اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں ایک کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا۔اسرائیلی پولیس نے کہا کہ تینوں افراد کو اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ شمالی مغربی کنارے میں مزاحمت کاروں کا گڑھ سمجھے جانے والے قصبے جنین کے قریب ایک غار سے باہر نکلے۔ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ مزاحمت کار تھے جو حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے لیکن مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ غار کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے کچھ ہی دیر بعد فضائی حملہ کیا۔ فوج نے مزید تفصیلات بتائے بغیر علاقے میں فضائی حملے کی تصدیق کی۔اسرائیل نے غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی فوجی سرگرمیاں تیز کر دیں جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ علاقے میں موجود مزاحمت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن ہیں۔