تاثیر 10 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 10 اکتوبر :۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کٹر سیاسی مخالف نیویارک کی اٹارنی جنرل لٹیٹیا جیمز پررہن دھوکہ دہی معاملے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ٹرمپ نے وفاقی محکمہ انصاف سے اس معاملے کو سامنے لانے کی اپیل کی ہے ۔ لٹیٹیا جیمز ڈیموکریٹ ہیں اور اس سے قبل ٹرمپ پر مقدمہ کر چکی ہیں۔ جیمز کھلے عام الزام عائد کرتی رہی ہیں کہ ٹرمپ نے جھوٹ کی بنیاد پر اپنی کاروباری سلطنت کھڑی کی ہے ۔ اے بی سی نیوز چینل پر ٹرمپ اور جیمز کے درمیان تنازعہ پرنشر کی گئی رپورٹ میں پرانے مسائل بھی اٹھائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق جیمز نے ان پر 2020 میں ورجینیا کے نارفولک میں گھر کی خریداری کے سلسلے میں بینک فراڈ اور مالیاتی ادارے کو جھوٹے بیانات دینے کا الزام لگایا تھا۔ ورجینیا کے مشرقی ضلع کی اعلیٰ وفاقی پراسیکیوٹر لنڈسے ہیلیگن نے جمعرات کو جیمز کے خلاف مقدمہ گرینڈ جیوری کے سامنے پیش کیا۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اور جیمز کے درمیان تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ جیمز نے اٹارنی جنرل کے لیے اپنی 2018 کی مہم کے دوران ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں کی سخت تنقید کی تھی۔ ڈیموکریٹک پرائمری جیتنے کے بعد جیمز نے کہا تھا، ’’میں اس ناجائز صدر کو چیلنج کرنے سے کبھی نہیں ڈروں گا۔ بطور اٹارنی جنرل، میں ٹرمپ کے رئیل اسٹیٹ سودوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کروں گی۔ میں ہر لین دین میں ہر موڑ پر سچائی کا مطالبہ کروں گی۔‘‘

