لیہہ ایپکس باڈی نے 18 اکتوبر کو خاموش احتجاج کا اعلان کیا

تاثیر 18 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لداخ، 17 اکتوبر: مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کی تنظیم لیہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) نے 18 اکتوبر کو دو گھنٹے کی خاموش مارچ اور تین گھنٹے کے بلیک آؤٹ کا اعلان کیا ہے، تاکہ گزشتہ ماہ ہونے والے تشدد میں جاں بحق چار افراد اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی جا سکے۔ ایل اے بی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پْرامن احتجاج ان نوجوانوں کی فوری رہائی کے مطالبے کے لیے بھی ہے جو حالیہ پرتشدد واقعات کے دوران حراست میں لیے گئے ہیں۔
تنظیم نے بتایا کہ خاموش مارچ صبح 11 بجے نامگیال چوک سے شانتی اسٹوپا تک نکالی جائے گی، جب کہ شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک بلیک آؤٹ رکھا جائے گا۔ اس موقع پر کوئی نعرے، تقاریر یا پلے کارڈ نہیں ہوں گے، صرف خاموشی کے ذریعے پیغام دیا جائے گا کہ لداخ پْرامن بھی ہے اور متحد بھی ہیں۔
ایل اے بی نے کہا کہ شرکاء بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے جو مزاحمت، غم اور اتحاد کی علامت ہوں گی۔