ہوڑہ میں “مکت بلکا” کے سالانہ ادبی و ثقافتی پروگرام کا شاندار انعقاد

تاثیر 12 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 11/ اکتوبر (محمد نعیم) ادب و ثقافت کی ترویج و اشاعت کے لیے سرگرم تنظیم “مکت بلکا شیشو ساہتیہ و سنسکرتی چرچا کیندر” کی جانب سے سالانہ تقریب کا اہتمام 11 اکتوبر 2025، ہفتہ کی شام اتّر پاڑہ پی۔آر۔سی۔ بھون میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا۔
اس موقع پر شعرا، ادیبوں، بچوں اور ادب دوستوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں شامل تھے اتّر پاڑہ راج گھرانے کے چھٹے نسل کے رکن دیباسیش مکھو پادھیائے، ہوڑہ کے معروف سماجی کارکن بانی برتو کار، رسالے کی مشاورتی کمیٹی کے رکن پرشانت بسواس اور علاقائی تاریخ داں، شاعر و محقق بپول کمار گوش۔
پروگرام کی صدارت تنظیم کی صدر محترمہ چھبی ڈے نے کی، جبکہ رسالے کے محبوب مدیر اعلیٰ شبھندو چٹو پادھیائے کی موجودگی نے تقریب کو وقار بخشا۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے “مکت بلکا” کے خصوصی شمارے کی رسمِ اجرا انجام دی۔ مقررین نے بچوں کے ادب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے “مکت بلکا” کی اس شعبے میں نمایاں خدمات کی تعریف کی۔
تقریب میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی جانب سے پیش کیے گئے گیت، نظمیں اور تقاریر نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ بچوں کی دلکش کارکردگی پروگرام کا خاص پہلو رہی۔ پروگرام کی نظامت صحافی کوشک گوش اور کوستبھ بھومک نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ مجموعی طور پر یہ تقریب ادب، فن اور ثقافت کا حسین سنگم بن گئی، جو شرکت کرنے والوں کے دلوں پر دیرپا اثر چھوڑ گئی۔