تاثیر 24 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 اکتوبر: دہلی کے میئر راجہ اقبال سنگھ نے آنے والے چھٹھ تہوار کی تیاری کے سلسلے میں جمعہ کو دارالحکومت کے بڑے چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا۔ میئر نے شیام گھاٹ، رام گھاٹ، اور براری سے سونیا وہار تک مختلف چھٹھ گھاٹوں پر جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔میئر راجہ اقبال سنگھ نے کہا کہ چھٹھ کا تہوار دہلی والوں کے عقیدے اور اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن چھٹھ پوجا کے کامیاب جشن کے لئے تمام ضروری تیاریاں کر رہی ہے۔ معائنہ کے دوران، گھاٹوں پر صفائی، روشنی، بجلی کی فراہمی، نکاسی آب اور نقل و حمل میں آسانی سے متعلق تیاریوں کا بغور معائنہ کیا گیا۔
میئر نے بتایا کہ کارپوریشن نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو چھٹھ گھاٹوں کے ارد گرد صفائی، روشنی، فوگنگ اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کارپوریشن کے صفائی کارکن مسلسل گھاٹوں کی صفائی کر رہے ہیں اور کچرا جمع کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

