چاہے جتنی جلدی ہو، رووڈ سیفٹی ضابطوں کی تعمیل ضرور کریں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو

تاثیر 16 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 15 اکتوبر:مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ زندگی قیمتی ہے۔ جلدبازی میں یا لاپرواہی سے روڈ سیفٹی رولز کو نظر انداز کرنا کسی بھی صورت میں مناسب نہیں ہے۔ اس دنیا میں زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں، اس لیے چاہے جتنی بھی جلدی ہو، سڑک پر چلتے وقت حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا ہر شہری کا بنیادی فرض ہے۔
انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ دو پہیہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں اور فور وہیلر چلاتے وقت ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سدھریں گے تو دنیا سدھرے گی۔ روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنا نہ صرف ایک ضرورت ہے بلکہ ایک باشعور شہری کی حیثیت سے ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کو بھوپال کے آر سی وی پی نرونہا اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ میں روڈ سیفٹی تداویر پر ایک روزہ ریاست سطحی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ایک اچھے ڈرائیور کی حقیقی مہارت تو اس بات میں ہے کہ سڑک پر اپنی سمجھدار ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ رویے سے دوسروں کو بھی متاثر کریں۔ روڈ سیفٹی کے بارے میں اجتماعی آگاہی ہی حادثات کو کم کر سکتی ہے۔ عوامی آگاہی ایک محفوظ ٹریفک کلچر کو فروغ دے سکتی ہے اور اس کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ تشکیل دے سکتی ہے۔ ہماری حکومت روڈ سیفٹی کے لیے وسائل فراہم کرنے میں کبھی دریغ نہیں کرے گی۔