نوی ممبئی میں خوفناک آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں چھ سالہ بچی سمیت 6 ہلاک، 13 زخمی

تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نوی ممبئی، 21 اکتوبر: نوی ممبئی میں منگل کی صبح پیش آئے دو الگ الگ آتشزدگی کے واقعات نے شہر کو دہلا کر رکھ دیا۔ ان دونوں واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے جبکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پہلا واقعہ رہجا ریزیڈنسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا، جہاں عمارت کی 10ویں سے 12ویں منزل تک شعلے پھیل گئے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس حادثے میں چار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں چھ سالہ بچی ودیکا سندر بالکرشنن، کملہ ہیرل جین (84)، سندر بالکرشنن (44) اور پوجا راجن (39) شامل ہیں۔ اس واقعے میں دس افراد جھلس کر زخمی ہوئے جن کا علاج جاری ہے۔