جنوبی افریقہ پہلی بار خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں، انگلینڈ کو 125 رنوں سے ہرا کر تاریخ رقم کی

تاثیر 30 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گواہاٹی، 30 اکتوبر:اے سی اے اسٹیڈیم، گواہاٹی میں بدھ کو کھیلے گئے خواتین ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ اس طرح پہلی بار جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔
میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، لیکن جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولواڈرٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ انہوں نے 169 رنوں کی اننگز کھیلی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی دسویں سنچری اور ورلڈ کپ کی پہلی سنچری ہے۔ وولواڈرٹ نے تاجمن بریٹس (45) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 116 رنوں کی شراکت کی۔ حالانکہ انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹن نے 10 اوور میں 44 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کر کے کچھ حد تک واپسی کرائی، لیکن جنوبی افریقہ نے 50 اوور میں 7 وکٹ پر 319 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
320 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات بہت خراب رہی۔ ٹیم نے صرف 1 رن پر 3 وکٹیں کھو دیں۔ ماری جان کیپ نے اپنے پہلے اوور میں ہی ایمی جونز اور ہیتر نائٹ کو پویلین بھیج دیا۔ دوسرے اوور میں ایابانگا خاکا نے ٹیمنی بیومونٹ کو آوٹ کر کے انگلینڈ کی حالت مزید خراب کر دی۔