تاثیر 25 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اسلام آباد، 25 اکتوبر: پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ کشیدگی کے باعث سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بند ہیں۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر جمعہ کو پاکستان- افغانستان سرحد ہر قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند رہی۔ حکام نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا کہ اسلام آباد نے صوبہ بلوچستان میں چمن کراسنگ کو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے جزوی طور پر کھول دیا ہے۔ حکام نے کہا کہ پیدل چلنے والوں کو بھی دونوں طرف سے سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔کسٹم کے ایک سینئر اہلکار نے ڈان اخبار کو بتایا کہ ’’سرحد گزشتہ 12 دنوں سے بند ہے۔ اسے ابھی تک ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت کسی بھی تجارتی سرگرمی کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔‘‘ چمن شہر کے انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک اسلام آباد حکام کی جانب سے سرحد کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ یہ درست ہے کہ افغان مہاجرین کو چمن کراسنگ سے محدود بنیادوں پر واپس بھیجا گیا۔

