راجستھان کے پھلودی میں ٹرالے نے ٹیمپو کو ٹکر ماری، مدھیہ پردیش کے 4 افراد ہلاک اور12 زخمی

تاثیر 1 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پھلودی/بھوپال، یکم نومبر : راجستھان کے پھلودی-بیکانیر نیشنل ہائی وے نمبر 11 پر جمعہ کی دیر رات سڑک کے کنارے کھڑے ٹیمپو کو ایک تیز رفتار ٹرالے نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں ٹیمپو میں سوار مدھیہ پردیش کے چار افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ بارہ لوگ زخمی ہوئے ہیں جنہیں نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈرائیور کے علاوہ تمام متوفیان اور زخمی افراد مدھیہ پردیش کے رتلام کے رہنے والے ہیں۔
پھلودی تھانہ انچارج بھنورارام نے بتایا کہ تمام مزدور مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے عالم پور ٹھیکریا گاوں کے رہنے والے تھے اور فصل کی کٹائی کے لیے پھلودی کی باپ تحصیل واقع گاوں سہارن پورا جا رہے تھے۔ جمعہ کی دیر رات پھلودی کے ملار روڈ پر بھادو ریسٹورنٹ کے سامنے بیکانیر کی سمت جا رہے ٹرالے نے ٹیمپو کو ٹکر مار دی۔ واقعے کے بعد آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس کے کوآرڈینیٹر بھنور لال کماوت دو ایمبولینسوں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ تمام زخمیوں کو پھلودی ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے انہیں جودھپور ریفر کر دیا گیا۔